کوئٹہ(نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نااہل اور نالائق حکمرانوں نے ملک کو بستر مرگ تک پہنچادیا ہے ، یہاں جماعتیں اور چہرے بدلتے ہیں لیکن نظام نہیں بدلتا ، قوم کے لئے اپنے کپڑے بیچنے کی بات کرنے والے وزیراعظم نے قوم کو بے لباس کردیا ، مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں پی ڈی ایم کی حکومت ، تحریک انصاف کا صدر ہے ان سب کو اپنے مفادات عزیز ہیں ، مہنگائی اور بے روزگاری ان کا مسئلہ نہیں ، سیاست دانوں نے قوم کو مایوس کردیا ، ہمارے گھر کی تباہی اپنے لوگوں کی وجہ سے ہے لیکن تباہی اور بربادی کی ذمہ داری قبول کرنے والا کوئی نہیں ، جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے ، تمام اسٹیک ہولڈز ملک میں شفاف انتخابات کیلئے طریقہ کار وضع کرکے فیصلے عوام کو کرنے دیں ، بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ ہر حکومت نے جھوٹے وعدے اور اعلانات کیے مسئلہ کسی نے حل نہیں کیا ، خوشحال بلوچستان خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ، بلوچستان ترقی کریگا تو پاکستان ترقی کرےگا ، حکمران بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہاں کے لوگوں کو سنیں ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی سمیت صوبائی و ضلعی عہدیدار بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ خود حکومت کے اعلان کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 42 فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے جو ملک کی تاریخ کی بلند ترین شرح ہے ،غریب لوگ استعمال کی اشیاء خریدنے کی اسطاعت نہیں رکھتے ، پاکستان کے عوام کے چہروں سے مسکراہٹیں غائب ہوگئی ہیں ، روپیہ زمینی بوس ہے ، ایک اچھی حکمرانی کے اشارے ہیں کہ معیشت و امن و امان بہتر ہوں اور قانون کی حکمرانی ہو جبکہ ملک کا موجودہ نظام اور حکمران اس میں سو فیصد ناکام ہوچکے ہیں ملک میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہے ، پی ڈی ایم جب حکومت میں نہیں تھی ، تب بلاول بھٹو ، مولانا فضل الرحمٰن نے مہنگائی کے خلاف مارچ اور احتجاج کیے اور اسلام آباد میں دھرنا دیا لیکن آج یہ لوگ حکومت میں شامل ہیں اور اس تباہی اور بربادی پر خاموش ہیں، وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ دل چاہتا ہے کہ اپنے کپڑے فروخت کردوں لیکن اس کے کپڑے تو سلامت ہیں پوری قوم کو بے لباس کردیا ، لیکن ہمارے حکمرانوں کے عیش و عشرت ، پروٹوکول کلچر میں کوئی کمی نہیں آئی ، 85 افراد پر مشتمل کابینہ تشکیل دی گئی ہے اس کی کیا ضرورت ہے جماعت اسلامی نے ہر لمحہ اور ہر مصیبت میں عوام کا ساتھ دیا مہنگائی کے خلاف لاہور سے اسلام آباد تک مارچ کیا ، مظاہرے کئے اور آج بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل عام آدمی کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی لائی جائے ۔