• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کفایت شعاری اقدامات، موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو سستا پٹرول دینے کا فیصلہ، وزیراعظم نے تجاویز کو حتمی شکل دیدی

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ جنگ ) وزیر اعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو سستا پٹرول دینے کا فیصلہ کرلیا جس کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ، غریب و متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات پر وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میںرمضان المبارک میں ریلیف دینے کے حوالے سے بڑے فیصلے کیے گئے،وزیراعظم نے کہاکہ مسائل کم کر نیکی کوشش کر رہے ہیں، پنجاب میں ایک کروڑ 58 لاکھ، اسلام آباد میں 10 لاکھ خاندانوں کو صرف SMSکرنے پر مفت آٹا دیا جا ئیگا، اسلام آباد میں بھی رمضان المبارک کے دوران غریب و متوسط طبقے کے 10 لاکھ لوگوں کو مفت آٹا فراہم کیا جائیگا، وزیر اعظم نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی اس اسکیم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ وزیر اعظم کے فیصلہ کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے سستے پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ اجلاس کو موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کیلئے رعایتی پٹرول پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ افسروں کو پروگرام کو حتمی شکل دیکر جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی،شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل اور رکشہ والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، حکومت ان کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کریگی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکج تیار کیا گیا ہے۔پیکیج کے تحت رمضان میں پنجاب بھر کے 1 کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائیگا۔ تقسیم 25 شعبان سے 25 رمضان تک 8 ہزار 5 سو یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے کی جائے، شفاف تقسیم یقینی بنائی جائے، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا قبول نہیں ،آٹا اسکیم میں اپنی اہلیت SMS کے ذریعے جانچی جا سکے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس میں حکومتِ پنجاب کی طرف بریفنگ دی گئی. اجلاس میں نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی، مشیر وزیرِ اعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اہم خبریں سے مزید