کراچی (نیوز ڈیسک) معاشی پابندیوں کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر، چین نے امریکی اثاثہ جات میں سرمایہ کاری میں تیزی سے کمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور صرف تین ماہ میں سرمایہ کاری میں 3.1؍ ارب ڈالرز کی کمی کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، چین نے امریکی ٹریژری سیکورٹیز (ٹریژری بل اور بانڈز) میں اپنی سرمایہ کاری کم کرتے ہوئے اسے ایک ٹریلین ڈالرز سے نیچے لا کر 859.4؍ ارب ڈالرز کر دیا ہے۔ اس سے قبل نومبر میں 7.8؍ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کم کر دی گئی تھی۔ چین امریکا کو قرضہ دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے لیکن گزشتہ 6؍ ماہ کے دوران وہ امریکی اثاثہ جات (ٹریژری بانڈز اور سیکورٹی گارنٹی) میں اپنی سرمایہ کاری معاشی پابندیوں کے خدشات کی وجہ سے کم کر رہا ہے۔ بیجنگ کی جانب سے یہ اقدام پورٹ فولیو میں تنوع لانے اور امریکی ڈالر پر اپنا انحصار کم کرنے کیلئے بھی کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی وہ اپنی کرنسی چائنیز یو آن کو دنیا بھر میں وسیع بنیادوں پر استعمال میں لانا چاہتا ہے۔ گزشتہ 10؍ سال میں چین نے امریکا میں اپنی سیکورٹی ہولڈنگز میں مجموعی طور پر 34.1؍ فیصد کمی کی ہے۔