بنگلورو (اے پی پی) بھارتی ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمت بسوا سرما نے کہا ہے کہ وہ ریاست کے تمام مدارس کوبند کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق ہیمنت بسوا سرما نے ریاست کرناٹک کے شہر بیلگاوی میں ایک جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ انکی حکومت پہلے ہی6سو مدارس بند کر چکی ہے اور باقی تمام مدرسوں کو بھی جلد ہی بند کر دیا جائے گا۔ ہندو توا جماعت بھارتیہ جنتاپارٹی سے وابستہ ہیمنت بسوا نے مزید کہا کہ بھارت کو مدارس کی نہیں سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں کی ضرورت ہے ۔ آسام میں اس وقت3ہزار رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مدارس ہیں۔ وزیر اعلیٰ سال2020میں ایک قانون بھی لائے تھے جس کے ذریعے تمام مدارس کو ریگولر سکولوں میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے جلسے سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ بنگلہ دیش سے لوگ آسام آکر ہماری تہذیب و ثقافت کو خراب کررہے ہیں ۔