• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب کا بیٹا میرٹ پر پورا اترتا ہے تو پہلے موقع دیا جائیگا، ڈاکٹر جمال ناصر

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات میں بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، بیسک ہیلتھ یونٹ اور رولر ہیلتھ یونٹ میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے، وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، اگر غریب کا بیٹا میرٹ پر پورا اترتا ہے تو سب سے پہلے اسے موقع دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہارانہوں نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اینڈ کالج کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اسلام میں علم کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے، باعمل علم اور ریسرچ پر محنت کئی سال کی عبادت سے افضل ہے اور علم والوں کی صحبت اختیار کرنا بڑی کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ تقریباً یک ارب سے زائد میڈیکل کا سامان کوٹ لکھپت جیل میں پڑا خراب ہو رہا تھا اور قیدی علاج معالجہ کے لیے خوار ہو رہے تھے وہ سامان ریلیز کرواکر جیلوں کے حوالے کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 300 الٹرا ساؤنڈ مشینیں،200 ایمبولینس اور30ایکسرے مشینیں ہسپتالوں میں مہیا کر دی گئی ہیں جس سے علاج معالجہ میں میں مزید بہتری آ ئے گی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ میڈیکل یونیورسٹی راولپنڈی کو رول ماڈل بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ قومیں لیڈر سے بنتی ہیں اور یونیورسٹیاں لیڈر بناتی ہیں، بہت سے ڈاکٹرز یونیورسٹی میں رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور یہ یونیورسٹی کا ورثہ ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ یونیورسٹی کے انڈومنٹ فنڈز کو سپورٹ کی جائے تاکہ کہ ریسرچ کے عمل میں بہتری لائی جاسکے، پرنسپل پروفیسر جہانگیر سرور نے کہا کہ تمام سینئر اور جونیئر مل کر ایک ٹیم کی طرح کام کریں تاکہ طالب علموں، ڈاکٹرز اور مریضوں کی مدد کی جاسکے۔
اسلام آباد سے مزید