• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کیخلاف مہم، سختی سے نمٹیں، عمران اداروں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں، قانونی کارروائی کی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کیخلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کیخلاف سازش کا تسلسل ہے، ایسے لوگوں کیساتھ سختی سے نمٹیں گے، عمران خان اداروں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کررہے ہیں، قانونی کارروائی کی جائے،قوم اپنے اداروں کیساتھ کھڑی اور شر پسندوں کیخلاف متحد ہے،محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کیخلاف آواز بلند کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان اور اتحادی جماعتوں کے 6 گھنٹے طویل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

اجلاس میں پی ٹی آئی کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے مشاورت کی گئی جبکہ ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات پر بھی غور کیا گیا۔ 

اجلاس میں شریک رہنماؤں کا موقف تھا کہ حکومتی رٹ کی عملداری کیلئے عمران خان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔ اس موقع پر پنجاب، کےپی انتخابات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 22 مارچ کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ریاستی عملداری یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے ہونگے، نظام عدل کے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ سلوک سے ترازو کے پلڑے برابر نہ ہونے کا تاثر مزید گہرا ہورہا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غلیظ مہم چلانے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں، افراتفری ، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کیخلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں، یہ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں۔ 

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اتحادیوں کا 6 گھنٹے اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم ہاؤس میں حکومتی اتحادیوں کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمٰن اورمریم نواز سمیت دیگر نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں ملک کی معاشی وسیاسی، داخلی وخارجی، امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو معیشت، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی، عوامی ریلیف کیلئے وزیراعظم کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا جس میں کسان پیکج، رمضان میں غریب خاندانوں کو آٹے کی مفت فراہمی، کم تنخواہ اور آمدن والے لوگوں کیلئے پٹرول کی قیمت میں 50 روپے کی خصوصی رعایت دینے کی اسکیم، ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے سی ایس ایس کے خصوصی امتحان کا انعقاد، شمسی توانائی کے فروغ، نوجوانوں کیلئے بلاسود اور رعایتی قرض، سیلاب متاثرین کی بحالی سمیت دیگر پروگرام شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید