اسلام آباد (صالح ظافر) جاپان نے ’ملتان میں موسمی نگرانی کے ریڈار کی تنصیب کے منصوبے‘ کیلئے گرانٹ امداد کی رقم 2.042 ارب جاپانی ین (تقریباً 14.99ملین امریکی ڈالر ) سے بڑھا کر 2.8؍ ارب جاپانی ین (تقریباً 20.57 ملین امریکی ڈالر ) کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں 31؍ اگست 2018ء کو دونوں حکومتوں کے درمیان دستخط اور دستاویز تبادلہ کیا گیا تھا۔اس سلسلے میں اضافی رقم کی فراہمی کے لیے دستاویز پر جاپان کے پاکستان میں عبوری چارج ڈی افیئرز آئی ٹی او تاکیشی اور وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے درمیان دستخط اور دستاویز تبادلہ کیا گیا۔اب تک جاپان نے اسلام آباد، کراچی، ڈیرہ اسماعیل خان، رحیم یار خان، ملتان (جاری) اور سکھر (جاری) شہروں میں 6 موسمی ریڈارز کی تنصیب کیلئےمدد کی ہے اور اس سے ملک کے 80؍ فیصد حصے کو کور کیا جائے گا اور 90؍ فیصد کو فائدہ پہنچے گا۔