• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلتھ ویک، بلامعاوضہ ٹیسٹ، ویکسی نیشن ہوگی، ڈاکٹر جمال ناصر

راولپنڈی ، گوجر خان(خصوصی نمائندہ، اپنے رپورٹر سے ، نمائندہ جنگ ) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں صوبہ بھر میں منائے جانیوالے ʼپنجاب ہیلتھ ویکʼ کا افتتاح کیا جس کے دوران صوبہ بھر میں چار لاکھ سے زائد افراد کے آٹھ امراض کے مفت ٹیسٹ اور ویکسینیشن کے علاوہ ادویات بھی فراہمی کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز راولپنڈی ڈاکٹر عنصر اسحاق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ ʼپنجاب ہیلتھ ویکʼ کے دوران ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی، ایڈز، ذیابیطس، ٹی بی، سانس کی امراض اور پی سی آر کے مفت ٹیسٹ کئے جائیں گے اور اس کے علاوہ بلامعاوضہ ویکسی نیشن بھی کی جائے گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ ویکʼ کے دوران 26 ڈی ایچ کیو، 125 ٹی ایچ کیو ہسپتالوں، 108 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 36 بنیادی مراکز صحت میں خصوصی کیمپس لگائے گئے ہیں۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے رورل ہیلتھ سنٹر بگا شیخاں، مندرہ اور بنیادی مرکز صحت کوٹھہ کلاں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ناقص کارکردگی پر سینئر میڈیکل آفیسر آر ایچ سی بگا شیخاں ڈاکٹر مرتضیٰ کو معطل کر دیا۔ دریں اثناء  ڈاکٹر جمال ناصر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرخان میں ہیلتھ ویک کی افتتاحی تقریب سے بھی  خطاب کیا۔ایم ایس ڈاکٹر فرحت جمیلہ،ڈاکٹر عامر، ڈاکٹر خواجہ ادریس اور ڈاکٹر عمر مرزا نے صوبائی وزیر کو مختلف کاونٹرز کے بارے میں بریفنگ دی۔
اسلام آباد سے مزید