اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلامی دنیا کی جامعات کا پانچواں وائس چانسلرز فورم پیر کو اختتام پذیر ہوگیا ،اختتامی تقریب کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی۔ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ وہ مقامات جو عالمی سطح پرعلم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا محور ہیں ان کیساتھ اپنے تعلیمی اداروں کو نئے سرے سے ہم آہنگ کیا جائے،مسلم دنیا کو سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا،انہوں نے کہا عالم اسلام نے اپنے بنیادی ورثے کو چھوڑ دیا ہے جو مشاہدے تحقیق،غوروفکر اور تنقیدی سوچ پر مبنی ہے۔پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگیش نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کیساتھ تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کے حوالے سے پرعزم ہے،چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ وی سی فورم کے نتیجے میں اسلامی ممالک کے اعلیٰ تعلیمی برادری کے درمیان بامعنی وبامقصدگفتگو ہوئی ہے،تقریب کے دوران وفاقی وزیر نے چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے تجویز کردہ ’علم بینک‘ کے نام سے موسوم ایک پلیٹ فارم کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ ڈائریکٹر آئی ایسکو ڈاکٹر المالک نے چیئرمین ایچ ای سی اور وزیربرائے منصوبہ بندی وخصوصی اقدامات اور ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی کی موجودگی میں چیئر کے قیام کا باقاعدہ معاہدہ قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر نیاز اخترکے حوالے کیا ۔