• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان میں آٹے کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے، کمشنر ڈیرہ

پشاور(جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان منصور ارشد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کو آٹے کی فراہمی کیلئے بروقت انتظامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو آٹے کے حصول کیلئے دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔ یہ ہدایات انہوں نے آٹا پیکیج کے تحت مستحق افراد میں آٹے کی منصفانہ تقسیم اور انتظامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنروں کے علاوہ محکمہ خوراک، بی آئی ایس پی، لوکل گورنمنٹ، ٹی ایم اوز، پولیس، یوٹیلٹی سٹورز و دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں و نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پالیسی کے مطابق تمام مستحق افراد میں آٹا پیکیج کے تحت آٹے کی فراہمی کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں تاکہ نہ صرف قریب تر بلکہ حتی الوسع بروقت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی حکام کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی (پی ایم ٹی60-) کے تحت مستحق افراد سے متعلق ڈیٹا جلد شیئر کیا جائے تاکہ تحصیل کی سطح پر آٹے کی تقسیم کیلئے بہتر ا قدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ محکمہ خوراک کی جانب سے بھیجے جانے والے آٹے کی تقسیم کے حوالے سے مقامات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے حوالے سے پلان ترتیب دیں جبکہ اپنی متعلقہ تحصیل میں تمام عمل کی از خود نگرانی کریں۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ 8070نمبر پرایس ایم ایس کے ذریعے اپنی الیجبلٹی معلوم کی جا سکتی ہے جبکہ آٹے کی تقسیم سے متعلق دن اور مقام متعلقہ محکموں کی جانب سے شیئر کر دیے جائیں گے جہاں سے مستحق افراد آٹا حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لوگ تحمل کا مظاہرہ کریں اور جلد بازی نہ کریں اور محکموں کی جانب سے تشہیر کردہ روز کو ہی متعلقہ علاقے کے لوگ آٹے کے حصول کیلئے پہنچیں کیونکہ تمام مستحق افراد کو آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بہتر انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔
پشاور سے مزید