مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی) اسرائیلی پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز ایک قانون منظور کرلیا جس کے تحت وزیراعظم کو ان فٹ قرار دیئے جانے کیلئے شرائط مزید سخت کردی ہیں، اپوزیشن نے اسے ذاتی نوعیت کا قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے وزیراعظم نیتن یاہو کو فائدہ ہوگا۔ اس قانون پر ووٹنگ ایسے موقع پر ہوئی ہے جب نیتن یاہو کی سخت گیر حکومت عدالتی اصلاحات کے متنازع پروگرام کو آگے بڑھا رہا ہے، ناقدین نے ان اصلاحات کو جمہوریت کیلئے خطرہ قرار دیا ہے جس کیخلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔ مذکور ترمیم کے حق میں 61 جبکہ اس کی مخالفت میں 47 ووٹ آئے جس کے تحت وزیراعظم کو عارضی طور پر عہدے کیلئے ان فٹ قرار دیئے جانے کیلئے لازمی شرائط کی وضاحت کی گئی ہے۔ گزشتہ قانون میں وزیراعظم کو ان فٹ قرار دیئے جانے کا بتایا گیا تھا تاہم اس کی شرائط کی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔