لندن (پی اے) وزیراعظم رشی سوناک نے گزشتہ روز ڈائوننگ اسٹریٹ میں ایک استقبالیہ کے موقع پر T20ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔13نومبر کو انگلینڈ کی ٹیم نے میلبورن میں پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان بٹلر اور ہیڈ کوچ ماتھیو نے وزیراعظم سے ملاقات کیلئے ڈائوننگ اسٹریٹ پہنچنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے ارکان کی قیادت کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والی ٹیم کے ارکان میں سام کورن، لیم لونسگسٹن، ڈیوڈ میلن، کرس ووکس، پھل سالٹ، کرس جورڈن، ٹائمل ملز اور سیمر ریچرڈ گلیسن شامل تھے۔ انگلینڈ میں مردوں کی کرکٹ کے ڈائریکٹر راب کے، ای سی بی کے سربراہ رچرڈ تھومپسن، سرے کے ا ے سی ای پروگرام کے نوجوانوں کی ٹیم کے ارکان بھی استقبالیہ میں شریک تھے۔ سابق وزیراعظم تھریسا مے نے رشی سوناک سے ملاقات سے قبل کھلاڑیوں کا سرکاری طورپر استقبال کیا۔ انھوں نے گروپ میں شامل لوگوں کو مبارکباد دی اور گارڈن میں جانے سے قبل ان سے گپ شپ کرتی رہیں۔ گرائونڈ میں کھلاڑیوں نے وزیراعظم کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔ بٹلر نے رشی سوناک کو اس موقع پر ایک شرٹ پیش کی، جس پر انگلینڈ کی پوری ٹیم کے ارکان کے دستخط تھے۔ ڈائوننگ اسٹریٹ سے روانگی سے قبل انھوں نے ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ رشی سوناک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو، جو کرکٹ کے مداح بھی ہیں، ورلڈ کپ جیتنے والے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس ہوئی۔ کرکٹ کے ہر شعبے میں کامیابی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کیلئے بہت ہی شاندار موقع ہے، کرکٹ ہر فرد کا کھیل ہے اور میں جانتا ہوں، انگلینڈ کی ٹیم کی کامیابی سے بچوں کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم اسکول اسپورٹس کیلئے سالانہ 600 ملین پونڈ فراہم کر کے اس کھیل کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔