• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چور اور ڈکیت گینگز کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے، سی پی او

ملتان (سٹاف رپورٹر) سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے صدر ڈویژن اور سٹی ڈویژن کے پولیس افسران کے ساتھ الگ الگ میٹنگ کی۔ ایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد عمران ان کے ہمراہ تھے۔ ایس پی صدر ڈویژن عزیر احمد اور ایس پی سٹی ڈویژن رانا محمد اشرف بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ دونوں ڈویژنز کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، محرران، ریڈرز اور دیگر افسران میٹنگ میں شریک ہوئے۔ سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے دونوں ڈویژنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور جرائم کی شرح، پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سنگین مقدمات بالخصوص قتل کے زیر تفتیش مقدمات کو یکسو کرنے، قتل کے بقیہ ملزمان کو گرفتار کرنے اور کیٹگری اے کے مجرمان اشتہاری کی گرفتاری پرخصوصی زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے چور اور ڈکیت گینگز کے خلاف بھرپور کاروائیوں کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کار اور موٹر سائیکل چور گینگز کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا اور کہا کہ ان عناصر کے خلاف اپنی کاروائیوں کو بہتر کریں تاکہ عوام عدم تحفظ کا شکار نہ ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں مؤثر گشت کو یقینی بنائیں اور چوری و دیگر وارداتوں میں ملوث سرگرم گینگز کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے۔اس کے علاوہ سی پی او ملتان نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر مقامات پر ذمہ داری سے ڈیوٹی سر انجام دیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ملتان پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ملتان سے مزید