کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون شاہ خاور نے کہا کہ سپریم کورٹ الیکشن ملتوی کرنے پر اپیل سنتی ہے تو بہتر ہوگا فل کورٹ تشکیل دیا جائے اس پر کوئی اعتراض نہیں کرسکے گا۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہےکہ عمران خان سیاستدان بنے اور سیاسی قوتوں کے ساتھ بیٹھے تو ہر مسئلہ حل ہوسکتا ہے، سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار شعیب شاہین نے کہا کہ لیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود انتخابا ت ملتوی کر کے توہین عدالت کی ہے، ماہر قانون عبدالمعیز جعفری نے کہا کہ فوج حکومت کو یہ نہیں کہہ سکتی کہ ہم دوسرے کاموں میں مصروف ہیں، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بارہ اور سولہ اگست میں بقیہ تین اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، آئین کا تقاضا ہے نگراں سیٹ اپ کی نگرانی میں اکتوبر میں پورے ملک میں عام انتخابات ہوں، عمران خان کی غنڈہ گردی اور فتنہ پروری کا تقاضا ہے الیکشن وقت سے پہلے ہوجائیں، ایک بندہ اپنی انا پرستی میں پوری قوم کو اپنے پیچھے لگانا چاہتا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں توڑی گئیں، کے پی اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ اسمبلیاں نہیں توڑنا چاہتے تھے۔