راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) گوجرخان میں پنجاب یونیورسٹی کا کیمپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہےجس پر ابتدائی طور پروفاقی حکومت نے دو ہزار ملین روپے پی ایس ڈی پی سے مختص کئے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی کوششوں سے کیمپس کیلئے اراضی کا حصول جاری ہے۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کیمپس کیلئے گوجرخان کے موضع ہچری کلیال اور ہچری بنگیال میں819کنال 15مرلہ اراضی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔جو 1994-1996میں ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج بنانے کیلئے ایکوائر کی گئی تھی۔اراضی کا انتقال ضلع کونسل راولپنڈی کے نام ہےتاہم اراضی تاحال خالی پڑی ہے جس کی کنکریٹ باونڈری وال بنی ہوئی ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو اراضی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نام منتقل کرنے کیلئے مراسلہ بھجوایا گیا ہےجس کی کاپی فیڈرل سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ کے علاوہ چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کو بھی بھجوائی گئی ہے۔