لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس نے اپنے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا کہ آج تحریک انصاف مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کرے گی جس میں عوام کا سمندر شرکت کرے گا تحریک انصاف ڈسٹرکٹ لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود جنرل سیکرٹری زبیر نیازی اور سیکرٹری اطلاعات اویس یونس نے مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور آج اپنے قائد عمران خان کا مینار پاکستان پر عظیم الشان استقبال کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے پی ٹی آئی کو مسلسل انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا پنجاب میں الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ آئین سے متصادم ہے سپریم کورٹ فوری نوٹس لے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اگر حکمران ٹولہ یہ سمجھ رہا ہے کہ بربریت ، ظلم ، جبر اور کریک ڈاؤن سے پی ٹی آئی خوفزدہ ہو جائے گی تو یہ آپ کی بہت بڑی بھول ہے ۔