• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کریں، کمشنر ڈیرہ ڈویژن کی ہدایت

پشاور(جنگ نیوز)کمشنر ڈیرہ ڈویژن نثار احمد خان نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ڈیرہ کی عوام کے توقعات پر پورا اتریں اور لوگوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کریں،مسائل بہت زیادہ ہیں اور ان کیلئے وسائل بہت کم ہیں اسی لئے مختلف اقدامات اور لوگوں کو ریلیف فراہمی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے مگر کوشش یہی ہو گی کہ انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر فیصلے کئے جائیں، مخیر حضرات اس دور میں بھی کار خیر کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے غرباء و مساکین اور بیواؤں کے لیے سپل ہاؤس میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشن تقسیم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن نثار احمد تھے۔ کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ حقداروں کا حق میرے ہاتھ سے ان تک پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بزرگ شخصیت حاجی اللہ بخش سپل کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ میرے لئے یہ خوشی کا مقام ہے اور میں اس کو اپنی خوش بختی سے تعبیر کرتا ہوں کہ آج میں آپ کے درمیان ہوں اور غرباء میں اشیائے خوردونوش تقسیم کر رہا ہوں اس سے زیادہ بابرکت اور نیک کام کے لمحات اور نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بطور ڈپٹی کمشنر بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں کافی وقت گزارا،مجھے امید نہیں تھی کہ میں یہاں دوبارہ آؤں گا لیکن ڈیرہ اسماعیل خان کے غیور عوام کا خلوص مجھے دوبارہ یہاں کھینچ لایا ہے لہذا میں تمام کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے پورے ڈویژن کی عوام کو ہر ممکن ریلیف اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بناؤں گا۔
پشاور سے مزید