کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان “میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ ، طلال چوہدری نے کہاہے کہ اسد قیصر نے عالمی اداروں کو خط تحریر کیا اگر یہی کوئی اور پارٹی کرتی تو وہ اب تک غدار ہوچکی ہوتی، نگراں وزیراطلاعات، پنجاب،عامر میر نے کہا کہ ہمیں ہائی کورٹ نے آرڈر کئے تھے کہ پی ٹی آئی کولاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت دیں تو اس کی ہم نے اجازت دے دی،سینئر صحافی و تجزیہ کار، سید طلعت حسین نے کہا کہ عمران خان کی لڑائی ن لیگ کے ساتھ نہیں ہے ن لیگ کے خلاف ان کا پروپیگنڈہ اگلی سطح پر چلا گیا ہے ۔عمران خان کی اصل لڑائی بنیادی طو رپر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہے ۔ رہنما ن لیگ ، طلال چوہدری نے کہا کہ ہم ہر فورم پر مقابلہ کریں گے لیکن ہم چاہتے ہیں انصاف کے ترازو کے پلڑے بالکل برابر ہوں۔کوئی بنچ فکسنگ نہ ہو کسی قسم کے فیوریٹ ججز نہ ہوں۔ یہ صرف ہمارا لگایا ہوا الزام نہیں ہے آپ حالیہ باجوہ صاحب کا انٹرویو سن لیں اس انٹرویو میں جو انکشافات ہوئے ہیں اس کے بعد آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ نواز شریف سے انصاف ہوا تھا۔ عمران خان کو جو لیڈ ربنایا گیا ہے چوسنی، پیمپراس میں ساری چیزوں کا ذکر ہے کہ کس طرح خاص قسم کے ماحول میں انہیں صادق و امین بنایا گیا۔ اس کے بعد انہیں پاکستان پر مسلط کرنے کے لئے وزیراعظم کے طور پر پیش کیا گیا۔حقیقی وزیراعظم کو غیر آئینی طریقے سے ہٹانے کے لئے ایک بہانہ بنایا گیا کہ اس نے تنخواہ نہیں لی ہم انصاف چاہتے ہیں انصاف کے لئے ہم ہر فورم پر اپنی جنگ لڑیں یہ کیس ہم عوامی عدالت میں بھی لے کر جائیں گے۔اسد قیصر نے عالمی اداروں کو خط تحریر کیا اگر یہی کوئی اور پارٹی کرتی تو وہ اب تک غدار ہوچکی ہوتی۔ یہ لاڈلے ہیں یہ اپنے معاملات میں امریکا کو لے آئیں جب مداخلت کے لئے امریکا کو خط لکھ دیں ۔یہ حقائق سے برعکس ہے انسانی حقوق پر عمران خان کے دور میں صحافیوں کے ساتھ کیا ہوا تھا کسی کو گولی ماری گئی کسی کے گھر میں گھسے کسی کو اٹھا کر لے گئے۔ سیاستدانوں سے کیا ہوا کتنے کتنے برس لوگ کال کوٹھری میں رہے اور ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا رہا تھا۔عمران خان اپنے آپ کومعصوم ، بیچارہ اور بے گناہ بناکر پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں کچھ ایسا نہیں ہے ۔ آج کے دن تک ان کے تین چار رہنما دو چار دن اندر رہے ہیں ۔ یہ کر کیا رہے ہیں پیٹرول بم مارتے ہیں ناجائز اسلحہ ان کے گھر سے برآمد ہوتا ہے پتھراؤ کرتے ہیں۔اگر لوگ آپ کی توقعات پر نہیں نکل رہے تو آپ اس کا الزام کیوں دھرتے ہیں۔اظہر مشوانی کی گمشدگی کا میرے علم میں نہیں ہے پاکستان میں یہ ماحول نہیں ہے کہ کسی کو اٹھا لیا جائے۔پہلے وہ کاغذ لہرا کر کہتے تھے کہ امریکا نے مداخلت کردی ہے اب وہ کہتے ہیں کہ امریکا ہمدرد ہے اسے مداخلت کرنا چاہئے۔ اسی طرح جھوٹے بیانئے خان صاحب ماضی میں بھی بناتے رہے ہیں۔جو کچھ بھی ہورہا ہے ہم بالکل یہ نہیں کہیں گے کہ کوئی اور کررہا ہے ہم حکومت میں ہیں اور ہم ذمہ دار ہیں ہر چیز کی ذمہ داری ہماری ہے بالکل کوئی اور نہیں کررہا عمران خان جھوٹ بول رہا ہے۔