• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان توقعات پوری کرنے میں ناکام، نیوزی لینڈ سیریز میں سینئر کرکٹرز کو لانے کی تیاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شارجہ میں نوجوان بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد سلیکشن کمیٹی نے ایک بار پھر سینئرز کو ٹیم میں شامل کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ افغانستان کے خلاف شکست نے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کو دباؤ کا شکار ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنائے گا۔ بابر اعظم کے علاوہ شاہین آفریدی، محمد رضوان، فخر زمان اور حارث رؤف کی ٹیم میں واپسی یقینی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک دو کے علاوہ پی ایس ایل میں کارکردگی دکھانے والے جونیئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا جائے گا۔ شارجہ میں دنیا میں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلنے والے ٹاپ چھ ملکوں کے خلاف افغانستان نے پہلی سیریز جیتی ہے۔ اس سے قبل وہ ویسٹ انڈیز ، زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیت چکے ہیں۔ افغانستان کا اس وقت عالمی رینکنگ میں دسواں اور پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔ بابر اعظم ، محمد رضوان ، شاہین آفریدی، فخر زمان ،اور حارث رؤف کو آرام دینے کا تجربہ بری طرح ناکام رہا۔ افغانستان نے ابھی تک بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف صرف آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹ میں شرکت کی ہے۔ افغانستان نے زمبابوے کے خلاف پانچوں، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ایک سیریز جیتی ہے ۔دریں اثنا پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے نوجوان پلیئرز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ان نوجوان سپر اسٹارز پر مکمل یقین ہے ، مضبوط رہیں ۔ اس شکست سے اپنی اندر کی قابلیت کو جگائیں، اور محنت کریں، آپ چیمپئن ہیں، شان دار کم بیک کریں گے۔ خیال رہے کہ سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے ٹیم کو کافی نقصان اٹھانا پڑا جس پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر بھروسہ کرنا پی سی بی کا اچھا اقدام ہے لیکن انہیں میدان میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ہونا چاہیے تھا تاکہ وہ تجربہ حاصل کرسکتے۔ ساتھ ہی انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر تنویر احمد نے کہا کہ وہ کرکٹرز کہاں ہیں جو اعظم خان کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اسی لیے بولتا ہوں کہ کرکٹ کھیل کر وقت ضائع کیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید