• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستحق افراد کو ایک وقت میں 30 کلو آٹا فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو بہت بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے، اس صورتحال میں10کروڑ لوگوں کو مفت آٹے کی فراہمی بہت بڑا قدم ہے،مستحق افراد کو ایک وقت میں 30کلو آٹا فراہم کیا جائے گا، سیاسی قیادت،بینظیر انکم سپورٹ میں جن افراد کا ڈیٹا نہیں ، ان کیلئے بھی ریلیف دینے کے اقدامات کئے جائیں، تمام اداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملک کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا، جو گھرانے بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ نہیں انہیں بھی آٹے کے تین تھیلے مفت فراہم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز راولپنڈی میں مفت آٹے کی فراہمی کے مراکز کے معائنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے آٹے کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کئے اور مفت آٹے کی فراہمی میں حائل مشکلات کا جائزہ لیا۔وزیراعظم کو کمشنر راولپنڈی نے مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام جو راولپنڈی میں مقیم ہیں، کو بھی مفت آٹے کی سہولت فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو گھرانے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ پر نہیں لیکن خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، انہیں بھی ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں کو نام نہ ہونے کی بنیاد پر مفت آٹا فراہم نہیں کیا جا رہا، اب ان کیلئے فوری طور پر کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے اور انہیں بھی آٹا فراہم کیا جائے گا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آج سے مفت آٹا مراکز پر تین تھیلے ایک ساتھ دیئے جائیں گے تاکہ انہیں بار بار آنے کی زحمت نہ ہو، جو لوگ ایک تھیلا لے چکے ہیں انہیں اگلی بار آنے پر ایک ساتھ دو تھیلے ملیں گے،وزیراعظم نےکہاکہ ماضی میں ہم نے ہر دکان پر سستا آٹا پہنچایا اور اب مفت آٹے کی فراہمی جو کہ ایک بہت مشکل کام تھا، احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید