لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں میڈیا سے گفتگو میںکہا ہے کہ سپریم کورٹ میںواضح تقسیم قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے، ادارے متنازعہ ہو گئے۔ ٹرائیکا نے سیاست، معیشت کو گہری کھائی میں اتار دیا ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتیں مسلط کرنے پر اسٹیبلشمنٹ کفارہ ادا کرے جو آئندہ کیلئے سیاست سے مکمل غیرجانبداری کی صورت میں ہوسکتا ہے ۔ ملک اسی صورت آگے جائیگا جب عدلیہ، ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن نیوٹرل ہو جائیں گے۔ عدالتیں دباؤمیں آکر فیصلے کریں گی اور الیکشن کمیشن آزاد اور خودمختار ادارہ کی بجائے ہدایات لے گا تو آئین، جمہوریت، سیاست، معیشت سب داؤ پر لگے گا۔