راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) گلستان کالونی گلی نمبر2 لین نمبر 5نزد ایوب پارک راولپنڈی میں گزشتہ کئی روز سے سٹریٹ لائٹس خراب ہیں۔ سرشام ہی اندھیرا چھا جاتا ہے جس کی وجہ سے نماز کی ادائیگی کیلئے جانے والے افراد اور بچوں سمیت خواتین اور بزرگوں کا گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات جمع کروانے کے باوجود چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے مسئلہ حل نہیں کیا جا رہا جبکہ گلی میں گھپ اندھیرا ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین خوف و ہراس کا بھی شکار ہیں۔ عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ لائٹس کی خرابی کے باعث موبائل چھیننے اور گاڑی و موٹر سائیکل چوری ہونے کے خدشات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام مسئلہ کا فوری نوٹس لیں اور سٹریٹس لائٹس کو ٹھیک کروانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔