ریاض (شاہدنعیم) سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو چین کے صدر شی جن پنگ کو فون کیا۔ ٹیلی-فون کے دوران سعودی عرب اور چین کے درمیان تزویراتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ولی عہد نے بیجنگکی جانب سے ریاض اور تہران کے درمیان اچھے ہمسایہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف کی۔چینی صدر نے خلیج تعاون کونسل اور مشرق وسطیٰ کے ملکوں کے ساتھ بیجنگ کے تعلقات کو فروغ دینے میں سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔ کال کے دوران انہوں نے سعودی عرب اور چین کے درمیان شراکت داری کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے مشترکہ رابطہ کاری کی کوششوں کا جائزہ لیا۔ چائنہ سنٹرل ٹیلی ویژن نے بھی واضح کیا ہے کہ چینی صدر نے سعودی ولی عہد سے فون پر بات کی اور انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی حمایت سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔