• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیم ہی کے ذریعے بلوچستان ترقی یافتہ اور خوشحال بن سکتا ہے، جمعیت طلبہ عربیہ

کوئٹہ(پ ر)منتظم صوبہ جمعیت طلبہ عربیہ بلوچستان نصیب اللہ شاہوانی نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ بلوچستان ہی ترقی یافتہ خوشحال بلوچستان بن سکتا ہے۔ نوجوان دینی وعصری تعلیم پر توجہ دیں اب مدار س میں دینی وعصری دونوں علوم پڑھائے جاتے ہیں بلوچستان کا کوئی بچہ بھی اب تعلیمی اخراجات یا غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ جمعیت طلبہ عربیہ بلوچستان ان کو مدارس میں مفت تعلیم دلوائے گی،ا ن کے قیام و طعام کا فری بندوبست کیا جائے گا۔بلوچستان کے عوام اپنے بچوں کو جدید دینی مدارس میں داخل کریں تاکہ جہالت ،تعصب ا ور نفرت کا خاتمہ اور تعلیم کے ذریعے ترقی وخوشحالی اورامن کا راستہ ہموار ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعیت طلبائےعربیہ کی داخلہ مدارس مہم کے سلسلے میں تقریب واجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ پاکستان میں 60ملین سے زائد افراد نا خواندہ اور تعلیم سے محروم ہیں۔ ا س داخلہ مدارس مہم کے ذریعے بچوں کی کثیر تعداد کو جدید مدارس میں داخل کروایا جائے گا۔ جہاں وہ فرقہ واریت سے پاک ماحول میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید عصری تعلیم بھی مفت حاصل کریں گے۔انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بھی ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس مہم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جھگیوں میں مقیم بچوں، گھروں،ورکشاپس اور دکانوں میں مزدوری کرنے والے بچوں کے والدین سے ہماری ٹیمیں ملاقات کریں گی اور انہیں بچوں کو تعلیم دلوانے کی اہمیت اور بچوں کا مستقبل تابناک بنانے کے حوالے سے قائل کریں گی۔ یہ داخلہ مہم 5رمضان سے 15شوال تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پیارے آقا حضرت محمد ﷺ کا فرمان ہے کہ علم حاصل کرو چاہے اس کے لئے تمھیں چین جانا پڑے۔ کیونکہ ان دنوں چین جانا بڑے جان جوکھوں کا کام تھا،اور دوسری جگہ فرمایا کہ اپنے مسلمان بھائی کے لئے بھی وہی چیز پسند کرو جس کو تم اپنے لئے پسند کرتے ہو۔اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان اور ہمارے ملک کا کوئی بچہ بھی تعلیم کے بغیر نا رہے،ملک میں اسلامی نظام نافذ ہو۔دین اسلام کا نظام آئے گا تو پاکستان ترقی کرے گا اور کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی۔
کوئٹہ سے مزید