کراچی (اسٹاف رپورٹر) امکان ہے کہ پاکستان اس سال اکتوبر میں ورلڈ کپ کھیلنے بھارت کے لئے سفر نہیں کرے گا اور پاکستان کے میچ بنگلہ دیش میں ہونگے۔ اس متعلق بات چیت جاری ہے، اس سے قبل ایشیا کپ کے ہائی بڑد ماڈل میں بھارت پاکستان آنے سے انکار کرچکا ہے۔ بھارت کے میچ نیوٹرل ملک میں ہوں گے ۔ پاکستان آئی سی سی اور اے سی سی کی میٹنگ میں واضحکرچکا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے لئے پاکستان نہیں جائے گا تو پاکستانی ٹیم بھی ورلڈ کپ کے میچ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی۔ ٹورنامنٹ میں اب چند ماہ رہ گئے ہیں روایتی حریفوں کے تنازع کی وجہ سے ورلڈ کپ میچوں کا شیڈول اعلان نہیں ہوسکا ہے۔ پاکستان نے ایشیا کپ اور اس کے چند دن بعد بھارت نے پچاس اوورز ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا ہے۔ پی سی بی کا سخت موقف اس لئے ہے کہ اگر بھارت ،ایشیا کپ کیلئے نہیں آتا ہے تو اس کا اثر فروری 2025 میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر پڑسکتا ہے۔ ایشیا کپ میں بھارت کے میچ سری لنکا، اومان یا انگلینڈ میں ہوسکتے ہیں۔