کراچی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی)چین سے بڑھتے ہوئے تعلقات، سعودی عرب شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل ہوگیا ، سعودی عرب کی کابینہ نے بدھ کو شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف ریاض چین کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری قائم کر رہا ہے، دوسری جانب پاکستان نے بھارت میں ہونیوالے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے عوام نے عظیم قربانیاں دی ہیں،بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے قومی سلامتی مشیروں کا اجلاس ہوا ،بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول نے نئی دہلی میں اجلاس کا افتتاح کیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے ایک میمورنڈم پر دستخط کئے ہیں جس میں اسے شنگھائی تعاون تنظیم میں مذاکراتی پارٹنر کا درجہ دیا گیا ہے۔