• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری عملہ مفت آٹا فراہمی میں مصروف، دفاتر میں کام ٹھپ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) رمضان المبارک میں مفت آٹے کی فراہمی کے باعث سرکاری دفاتر میں کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ۔ روزانہ کی بنیاد پر سرکاری دفاتر بالخصوص پٹوار خانوں،ڈپٹی کمشنر آفس اور مختلف برانچ دفاتر،محکمہ صحت سمیت دیگر دفاتر میں تعینات عملہ و افسران کی ڈیوٹیاں مختلف آٹا تقسیم پوائنٹس پر لگائی گئی ہیں جس کے باعث سرکاری دفاتر میں ہوکا عالم ہےاور ملازمین دفاتر کی بجائے آٹا پوائنٹس پر پائے جاتے ہیں۔آٹا پوائنٹس کی سیکورٹی کے نام پر پولیس کی ایک بڑی نفری آٹا پوائنٹس پر تعینات ہےلیکن اس کے باوجود آٹا پوائنٹس پر روزانہ کی بنیاد پر پائی جانے والی بدنظمی اور شکایات میں کمی کی بجائے اضافہ ہی ہورہا ہے۔شہر میں قائم چھ میگا آٹا تقسیم سنٹرز پر افسران و ملازمین سمیت 415افراد کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگی ہوئی ہیں۔تمام سرکاری دفاتر کی ورک فورس کو آٹا تقسیم میں جھونکنے کے باعث سرکاری دفاتر خالی پڑے ہیں۔جو ملازم اپنی ڈیوٹی پر نہیں ہوگا اس کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی تلوار بھی لٹکائی گئی ہے۔دوسری طرف آٹھ رمضان المبارک گزرنے کے باوجود مستحقین کی رجسٹریشن کا کام بھی جاری ہےاور راولپنڈی میں چکلالہ سکیم تھری کے قریب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر میں صبح سے شام تک لوگوں کی ایک بڑی تعداد لائنوں میں رجسٹریشن کیلئے کھڑی ہوتی ہے۔
اسلام آباد سے مزید