پاکستانی ٹی وی میزبان و اسلامک اسکالر بشریٰ اقبال نے اپنے مرحوم اور سابق شوہر، ڈاکٹر عامر لیاقت کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے مداحوں سے ان کے لئے دعا کی اپیل کردی۔
سابق رکنِ قومی اسمبلی و میڈیا پرسن ڈاکٹر عامرلیاقت رمضان کے آتے ہی دوبارہ سے سوشل میڈیا صارفین کو یاد آ گئے ہیں، انہیں مخلتف چینلز کی جانب سے رمضان ٹرانسمیشن میں خراج عقیدت بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے عامر لیاقت کی خدمات کو یاد کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت نے اپنے انداز میں حبِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم آپ تک پہنچایا، کئی لوگ ان کی نعتیں سنتے ہوئے بڑے ہوئے، کئی پرستاروں کے بچپن میں سب سے زیادہ دیکھی اور سنی جانے والی آواز تھی، انہوں نے ہی لوگوں میں درود پاک اور نعت پاک کے ورد کا سلیقہ عام کیا۔
انہوں نےعامر لیاقت کے پرستاروں سے درخواست کی کہ ’آپ بھی دعا کرتے رہیے کہ اللہ پاک ان پر اپنی رحمت نازل فرمائے آمین‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں انہوں نے عامر لیاقت مرحوم کے تمام چاہنے والوں سے گزارش کی تھی کہ دعا کریں کہ عامرلیاقت کو انصاف اور اُن کی روح کو سکون ملے‘۔