• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی اقتدار میں آکربلوچستان کے مسائل حل کریگی، کرن بلوچ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزرات اوور سیز پاکستانیز اور انسانی ترقی کی فوکل پرسن کرن بلوچ نےکہا ہےکہ بلوچستان میں غربت، پسماندگی، بیروزگاری اورناخواندگی کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے، وسائل سے مالا مال صوبے کے عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، گزشتہ سال کی طوفانی بارش اور سیلاب نے زراعت کے شعبے کو بھی شدید متاثر کیا، روزگار کے ذرائع مسدود ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال کسی بڑےانسانی المیے کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دیکر اس کے مسائل کی حل تلاش کریں، وفاقی حکومت صوبے کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے، زراعت کے فروغ کیلئے زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ تما م سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں ، انہوں نےکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں بلوچستان کو خصوصی اہمیت دی، بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے، صدر آصف زرداری نے آغاز حقوق بلوچستان ، این ایف سی ایوارڈ اوراٹھارہویں ترمیم کے ذریعے بلوچستان کو وہ حقوق دئیے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تما م مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر بلوچستان کے عوام کو حقوق دیگی۔
کوئٹہ سے مزید