راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سابق مشیروزیر اعلی پنجاب زبیر احمد خان کی بازیابی کیلئےحکومتی اداروں کو آخری موقع دیتے ہوئے خبردار کیا ہےکہ اگلی تاریخ سے پہلے جیو فینسنگ اور نادرا کے ذریعے ملزمان کی شناخت کرکے مغوی کو بازیاب نہ کرایا گیا تو چیئرمین نادراسمیت دیگر اداروں کے سربراہوں کو طلب کیا جائے گا۔عدالت عالیہ نے مزید سماعت 7اپریل تک ملتوی کردی ۔قبل ازیں درخواست گزار سعد احمدکے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ 3 ہفتے سے زیادہ ہوچکے ہیں لیکن مغوی کا کوئی سراغ نہیں مل سکاکوئی ادارہ بھی ذمہ داری لینے یا معلومات دینے کو تیار نہیں۔ عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ ہر کام میں اداروں پر عدم اعتماد یا ہدف تنقید بنانا درست عمل نہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ جو اقتدار میں آتا ہے سیاسی مخالفین کے ساتھ یہی کچھ کرتا ہے انہوں نے کل جو بویا آج وہ کاٹ رہے ہیں ۔