راولپنڈی(نیوز ایجنسیاں)بلوچستان میں ایرانی سرحد سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشتگردوں کے ایک گروپ نےضلع کیچ کے جلگئی سیکٹر میں سرحد کے قریب گشت میں مصروف سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ، ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ حملے میں بدقسمتی سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے، شہدا میں نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کیلئے ایران سے ضروری رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اور دیگر نے سکیورٹی فورسز پر دہشتگردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں 4اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیااور شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہارکیا، دونوں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی، دہشتگردوں سے شہید اہلکاروں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے ، مٹی کے بیٹوں نے اپنی جانیں قربان کر کے مادر وطن کی حفاظت کی، پوری قوم کو ان پر فخر ہے، ایران نے بھی پاکستانی فورسز کیخلاف دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ، اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے خلاف ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ایرانی سفارتخانے کی طرف سے مزید بتایا گیا کہ چار سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرنے کے ساتھ ان کے لئے دعا گو ہیں۔