• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذوالفقار بھٹو کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، علی شاہ باچا

پشاور(اے پی پی):ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی 4 اپریل کو پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس بار پیپلزپارٹی خیبر پختونخوا نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کو ضلعی سطح پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ پی پی پی خیبرپختونخوا کے قائم مقام صدر وزیر مملکت محمد علی شاہ باچا کے مطابق 4اپریل کو تمام اضلاع میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر قرآن خوانی و دعائیہ تقاریب منعقد ہوں گی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت کی تقریبات ضلعی سطح پر منانے کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام، کارکنان اور عہدیداران شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر ضلعی سطح پر قرآن خوانی کا اہتمام کریں گے، پی ایس ایف، پی وائی او، لائرز فورم، لیبر بیورو سمیت تمام ذیلی ونگز شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی منانے کا اہتمام کریں گے. شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر ملکی استحکام، معاشی خوشحالی اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے دعائیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ چار اپریل ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب ایک منتخب وزیراعظم کو پھانسی دے دی گئی۔ذوالفقار علی بھٹو کو عظمت، جرات اور بہادری پر سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
پشاور سے مزید