ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان میں مردم شماری کا سلسلہ جاری ہے۔ مردم شماری کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ضلعی حکام نے فیلڈ انسپکشن، اعدادوشمار مکمل کرنے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں، ملتان تحصیل سٹی اورصدرمیں مردم شماری جلد مکمل کرکے ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کے احکامات جاری کئے گئےہیں تفصیل کے مطابق ملتان شہر اورمضافات میں جاری مردم شماری مہم کو تیز کردیا گیا ہے ، اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرسٹی سیمل مشتاق نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورمردم شماری ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ،انہوں نے ٹیموں کو مردم شماری کے اہداف حاصل کرنے کیلئے کوششیں مزید تیزکرنے کا حکم دیا، انہوں نے مظفرآباد ملزپھاٹک، القریش، گارڈن ٹاؤن، عثمان آباد اورگراس منڈی کے علاقوں میں گھرگھرجاکر مردم شماری ٹیموں کے ہمراہ ڈیٹا اکٹھا کیا اورٹیموں کی کارکردگی بارے لوگوں سے دریافت بھی کیا ، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے اعدادوشمارجلد مکمل کرکے پورٹل پر اپ لوڈ کردیئے جائیں گے، جبکہ آن لائن سسٹم کے ذریعے جیسے جیسے ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے اسی کے ساتھ ہی پنجاب حکومت کی طرف سے دیئے گئے ٹیبلٹ کے ذریعے اپ لوڈ بھی کیا جاتا ہے، مردم شماری کے اہداف حاصل کرنے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔