اسلام آباد (صالح ظافر) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اچانک ذاتی طور پر اور اپنے سیاسی دوستوں کے ذریعے غیر ملکی سفارت کاروں کے ساتھ اپنی بات چیت تیز کر دی ہے۔ انہوں نے لاہور میں قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش سے تفصیلی ملاقات کی اور پاکستان کی اندرونی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔ یہ ملاقاتیں پاکستان میں عدالتی محاذ پر ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں نمایاں اہمیت کی حامل ہیں جہاں ملک کی اعلیٰ ترین عدالت آج (منگل) کو ایک تاریخی فیصلہ سنائے گی۔ باوثوق ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ عمران اور ان کے ساتھی اپنے بیرونی ہم سخنوں سے ملک کے حساس موضوعات پر بات چیت کر رہے ہیں۔ عمران نے سینئر کانگریس مین بریڈ شرمن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جو ایک یہودی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف مشہور مہم چلانے والے ہیں۔ عمران جو حکومت میں تھے تو اپوزیشن رہنماؤں کی سفارت کاروں سے ملاقاتوں پر تنقید کرتے تھے لیکن اب اپوزیشن کا حصہ بن کر سفیروں اور سفارت کاروں سے وسیع پیمانے پر خفیہ اور عوامی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اسلام آباد میں مغربی سفیروں سے بند کمرے میں طویل ملاقات کی اور انہیں عمران خان کا پیغام پہنچایا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ عمران پاکستان کے دشمنوں سے روابط رکھنے والے امریکی اور یورپی بڑے لوگوں سے خفیہ روابط رکھے ہوئے ہیں۔