کوئٹہ (آن لائن)جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار شاہ چشتی نے کہا ہے کہ رات کوعدالت لگاکرپاکستان کے تاریخی اقدام کوسراہنے والے چیف جسٹس کے فیصلوں تاریخی قراردینے والے آج کیوں واویلامچارہے ہیں اور پی ڈی ایم کی قیادت کیوں عدلیہ فیصلے کی دھجیاں اڑارہی ہے ، ملک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے یہاں تک کہ حکومت کے غیر آئینی اقدام سے ججز دست گریبان ہیں ، غیر آئینی اقدامات سے ملک کی اساس کو کمزور کیا جارہا ہے اور اداروں میں تلخی اور کشیدگی بڑھ رہی ہے اداروں کے تصادم سے ہمیشہ جمہوریت اور ملک کو نقصان پہنچا ہے جس کا خمیازہ ملک وقوم بار بار آمریت کی صورت میں بھگت چکی ہے، انہوں نے کہا کہ آئین پر من و عن عملدرآمد سے ملک میں استحکام آسکتا ہے ۔ آئین سے روگردانی اور اس کی خلاف ورزی ریاست سے دشمنی ہے، آئین کو نظریہ ضرورت بنانے سے ملک سنگین آئینی و سیاسی بحران سے دوچار ہورہا ہے، بدقسمتی سے ملک کے آئین سے کھلواڑ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ غیر آئینی اور غیر جمہوری عمل سے ملک مزید دلدل میں پھنس جائیگا ، موجودہ حالات میں ملک کسی بھی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ، انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم انتخابات کرانے سے کترارہی ہے ججزپر الزامات لگاناحیران کن ہے ۔