پشاور (جنگ نیوز) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ہنگو امان اللہ نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے ٹل روڈ، مین بازار ہنگو، سمانہ روڈ اور سنگیڑھ بازار میں مختلف قصائیوں اور اشیائے خورد ونوش سبزی و پھلوںکی دکانوں میں نرخناموں اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ سرکاری مقرر کردہ نرخ سے تجاوز کرنے والے متعدد قصابوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرکے موقع پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا اور 3قصابوں کو گرفتار بھی کیا ۔ انہوں نے گرانفروشی کرنے والے قصابوں کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ مقرر کردہ سرکاری نرخناموں کی پاسداری کرے اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں بصورت دیگر انہیں بھاری جرمانے کے ساتھ جیل بھیج دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ مصنوعی مہنگائی اور گرانفروشی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔