پشاور(نمائندہ خصوصی) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن پشاور کے زونل منیجر سید مہتاب شاہ بنوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم سبسڈی سکیم کے تحت پشاور زون کے 9اریجنز پشاور کوہاٹ بنوں ڈیرہ اسماعیل خان مردان چترال سوات دیر اور شانگلہ کے ایک ہزار دو سو یوٹیلٹی سٹورز سے عوام کو رعائتی قیمتوں پر آٹا گھی چینی اور دوسری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ افراد کو بھی آٹا گھی چینی اور دوسری اشیا رعائیتی قیمتوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ زونل منیجر سید مہتاب شاہ بنوری نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو رعائیتی نرخوں پر معیاری اشیا کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کے منیجرز اور عملہ کو اس بات کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ سٹورز میں آنے والوں سے خوش اخلاقی کو یقینی بنائیں۔ یوٹیلٹی سٹورز مہنگائی کا توڑ بن چکے ہیںاور خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے تاہم بڑھتے ہوئے رش کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز کے عملہ کی طرف سے خریداری کے لئے آنے والوں سے خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔