لاہور(خبرنگار)سیکرٹری لائیوسٹاک محمد مسعود انور نے سیمن پروڈکشن یونٹ قادر آباد ضلع ساہیوال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سیمن پروڈکشن یونٹ ڈاکٹر محمد یوسف نے ادارہ کے اغراض و مقاصد اور تمام سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سند یافتہ سیمن پروڈکشن یونٹ جانوروں سے پیداوار میں اضافے کیلئے بریڈ امپرومنٹ کے شعبہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ دنیا بھر میں دودھ دینے والے جانوروں میں ساہیوال نسل کی گائے اور نیلی راوی بھینس مشہور ہے لہذا انکی افزائش پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے سیمن پروڈکشن یونٹ کی بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات سے لیس سیمن پراسیسنگ لیبارٹری کے تمام سیکشنز کا دورہ کیا ۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے سول ویٹرنری ہسپتال چیچہ وطنی س کا بھی دورہ کیا اور مویشی پال کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ بیماریوں پر کنٹرول کیلئے مفت حفاظتی ٹیکہ جات اور بہتر علاج معالجہ کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں تاکہ مویشی پال بہتر پیداوار حاصل کر سکے۔ انہوں ا نے گندم خریداری سنٹر قادرآباد او ر غلہ منڈی ساہیوال کا دورہ کیا اور سنٹرز پر کاشتکاروں کی سہولت کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ بعدازاں سیکرٹری لائیوسٹاک محمد مسعود انور نے قائداعظم اسٹیڈیم ساہیوال میں قائم مفت آٹا تقسیم سنٹر کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیشل رمضان پیکج کے تحت لوگوں کو مفت آٹا کی فراہمی حکومت کا سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے جس سے براہ راست غریب اور مستحق افراد مستفید ہو رہے ہیں۔