• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں ججز کی تقسیم کے خاتمے کیلئے چیف جسٹس بندیال کی ساتھی ججز سے ملاقاتیں شروع

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے سپریم کورٹ میں ججز کی تقسیم کے خاتمے کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے،چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے بنچز اختلافات کا تاثر ختم کرنے کیلئے بنائے ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس یحییٰ آفریدی ، جسٹس اطہرمن اللہ،جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس جمال مندوخیل بنچزمیں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں چیف جسٹس نے ساتھی ججز سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، چیف جسٹس نے آج (پیر) سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے بنچ اختلافات کا تاثر ختم کرنے اور ججز میں اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے بنائے ہیں چیف جسٹس نے الیکشن کیس میں اختلافی نوٹ دینے والے ججز کو اپنے بنچ میں شامل کر لیا ہے۔ آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہرمن اللہ چیف جسٹس کے بنچ کا حصہ ہونگے جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ جسٹس محمد علی مظہر کا بنچ بنایا گیا ہے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک بھی ایک ہی بنچ میں شامل ہیں، جسٹس اطہرمن اللہ اس عدالتی ہفتے میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر نقوی کیساتھ بنچ میں شامل ہیں جبکہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل بنچ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کیلئے 9 بنچ تشکیل دئیے گئے ہیں، بنچ نمبر 1 چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہے، بنچ نمبر 2 میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں، بنچ نمبر 3 جسٹس طارق مسعود اورجسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہے، بنچ نمبر 4 میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں،بنچ نمبر 5 جسٹس اعجاز الاحسن ، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہے، بنچ نمبر 6 میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں، جسٹس منیب اختر اور جسٹس محمد علی مظہر بنچ نمبر 7 کا حصہ ہونگے، بنچ نمبر 8 میں جسٹس منیب اختر ، جسٹس مظاہر علی نقوی اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں جبکہ بنچ نمبر 9 جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل ہے۔

اہم خبریں سے مزید