اسلام آباد (نیوز ڈیسک،محمد صالح ظافر ) بھارت میں مودی حکومت نے چین اور پاکستان کی مخالفت کے باوجود جی 20ممالک کا اجلاس مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں کروانے کی تار یخوں کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان نے اس سلسلے میں جی ٹوئنٹی میں شامل رکن ممالک سے رابطہ کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ، حکومت پاکستان کا موقف ہے چونکہ مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ ہے اس لئے اجلاس وہاں نہیں ہونا چاہیے اور چین کی حکومت نے اس موقف کی تائید کی تھی۔ اسلام آباد حکومت نے جی 20 ممالک میں شامل اپنے اتحادیوں، جیسے سعودی عرب، ترکی اور چین سے سری نگر میں ہونے والی میٹنگ کو روکنے کے لئے لابنگ کی تھی، بیجنگ نے گروپ کی میٹنگ کے لیے گزشتہ ماہ اروناچل پردیش سمیت مزید 11مقامات کے نام تبدیل کرنے کی تجویز دی تھی۔ بھارت نے اپنے جی 20 کیلنڈر کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاحت پر ورکنگ گروپ کی میٹنگ 22 سے 24 مئی کو ہوگی۔ چین ممکنہ طور پر سری نگر میں ہونےوالے اجلاس کی مخالفت کی تھی اور اجلاس کو اروناچل میں کرانے پر اعتراض کیا تھا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سری نگر میں ہونے والی میٹنگ میں کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے اور نہ ہی کبھی اس حوالےسے گفتگو ہوئی ہے۔