اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) عالمی بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی ٹیم نے پیر 10اپریل کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دورہ شروع کر دیا ہے جو چار روز جاری رہے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ کے مطابق انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کی انتظامیہ‘ ائرپورٹ سکیورٹی فورس‘ ائرپورٹ پر موجود اینٹی نارکاٹکس فورس‘ محکمہ کسٹمز حکام کے علاوہ ایف آئی اے اور ائرپورٹ ہیلتھ حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے دورہ سے پہلے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دورہ کر چکی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی بورڈ نے آئی ایف سی کی مشاورتی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی تھی۔ حال ہی میں وفاقی کابینہ نے ورلڈ بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے فنانشل ایڈوائزری سروسز لینے کی توثیق کی تھی۔