• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑے چیلنجز رہے، اتحادی حکومت کا ایک سال کامیابی کے سفر سے عبارت رہا، وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کامیابی کے سفرسے عبارت ہے جس کے دوران پاکستان کی ساکھ بحال ہوئی اورملک کو درپیش کٹھن معاشی اور توانائی کے بڑے چیلنجز رہے جن پرقابو پایا گیا،مختلف منشور کی حامل سیاسی جماعتوں کا مشترکہ قومی مقصدکے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونا ملک کے سیاسی ارتقا میں ایک اہم پیشرفت کا عکاس اورمفاہمت کی سیاست کا آئینہ دار ہے۔ منگل کوموجودہ حکومت کا ایک سال پورا ہونے پر معیشت ، توانائی ، سفارتکاری ، مواصلات اور ماحولیات سمیت مختلف شعبہ جات میں حکومتی کارکردگی کے حوالے سے اپنے متعدد ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا کہ آج اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل ہورہا ہے جب میں نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا،میرے نقطہ نظر سے یہ سال بڑے چیلنجز اورمشکلات کا سال تھا، عمران نیازی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک صرف اس حوالے سے بے مثال نہیں تھی کہ پی ڈی ایم اقتدار میں آئی بلکہ اس لئے کہ پاکستان کی تقریباً تمام سیاسی قوتیں پارلیمنٹ کے فورم کو استعمال کرتے ہوئے آئینی ذرائع سے غیرمقبول حکومت کو ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہٹانے کےلئےمجتمع ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2022 کےبعد کا دورمحاذ آرائی اور انتقام کی بجائے مفاہمت اور تعاون کی نئی سیاست کا آئینہ دار ہے۔ عمران خان کی جانب سے بچھائی گئی اقتصادی سرنگوں اورعالمی سطح پرپٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کے باوجودپاکستان کی معیشت بدستور رواں دواں ہے اور ڈیفالٹ کی تمام پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئیں، معیشت کی بحالی کےلئے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔

اہم خبریں سے مزید