کراچی (نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں ایرانی سفارتخانے کے دروازے 7سال بعد دوبارہ کھل گئے ، برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سفارتخانے کے احاطے کے دروازے بدھ کے روز کھولے گئے اور ایک ٹیم نے معائنہ کیا۔قبل ازیں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی دارالحکومت میں ایرانی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار کرنے کے لئے ایک تکنیکی وفد بدھ کو ریاض پہنچ گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حج سے پہلے سعودی عرب میں ہمارے ملک کے نمائندہ دفاتر کو دوبارہ کھولنے اور فعال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ایران کے نیم سرکاری خبررساں ادارے تسنیم نے ناصر کنعانی کے حوالے سے بتایا کہ ایرانی وفد الریاض میں سفارت خانے کے علاوہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں ایرانی قونصل خانے اور مشن کو دوبارہ کھولنے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔