اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشوں کیلئے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کے ماڈل پرسکیم کی منظوری دیدی،تین سال کیلئے 5 لاکھ روپے کابلاسود قرضہ جاری کیا جائیگا،عیدالفطر تک20ہزار ٹن چینی 95روپے کلو دینے کے فیصلے کی توثیق بھی کرلی گئی۔ سپریم کورٹ ججز کی رہائش گاہوں، ریسٹ ہاؤسز کی تعمیرنوکیلئے وزارت ہاؤسنگ کیلئے 250ملین کی تکنیکی ضمنی گرانٹس منظور کرلی گئیں،اسکیم کے مطابق ٹئیرون کے تحت تین سال کی مدت کیلئے 5 لاکھ روپے کابلاسود قرضہ جاری کیا جائیگا۔ رواں مالی سال کے دوران یہ سہولت 15ہزار ای بائیکس اوررکشاکیلئے دستیاب ہوں گی۔ کا بینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس جمعرات کو وزیرخزانہ کی زیرصدارت ہوا۔ وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے الیکٹرک بائیکس اورالیکٹرک رکشوں کیلئے مالیاتی سہولت سے متعلق سمری پیش کی گئی،کمیٹی کو الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشاز کی طلب اوردیگر امورسے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد الیکٹرک بائیکس اورالیکٹرک رکشاز کیلئے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کے ماڈل پرسکیم کی منظوری دیدی۔سکیم کے مطابق ٹئیرون کے تحت تین سال کی مدت کیلئے 5 لاکھ روپے کابلاسود قرضہ جاری کیا جائیگا۔