کوئٹہ(نمائندہ جنگ)بلوچستان میں بھی مردم شماری میں گڑ بڑ ہوگئی ہے،بلوچستان اسمبلی میں حکومتی و اپوزیشن ارکان کا مردم شماری میں کوئٹہ سمیت صوبے کی آبادی کم ظاہر کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار، کوئٹہ کی آبادی 23 سے کم ہوکر 18 لاکھ ہوگئی بتایا جائے پانچ لاکھ لوگ کہاں گئے، بلوچستان کی آبادی بڑھنے کے بجائے کم ہونا صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے، گورنر اور وزیراعلیٰ اس معاملے پر کمیٹی تشکیل دیکر وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے سامنے یہ معاملہ اٹھائیں، ارکان نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی اور عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پشتونخوا میپ کے رکن اسمبلی نصر اللہ زیرے نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ مردم شماری میں کوئٹہ کی آبادی کم کرنے کی سازش کی گئی ہے شہر کی آبادی 23 سے کم ہوکر 18لاکھ ہوگئی ہے بتایا جائے کہ یہ پانچ لاکھ لوگ کہاں گئے۔