اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان نے اصولی طور پر 2023ء اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (UNFCCC COP28) میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے جو 30؍ نومبر سے 12؍ دسمبر 2023ء تک دبئی میں ہونے والی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیرحماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے کوپ 28 میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا ۔وزیراعظم نے دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں میں اماراتی قیادت کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یو اے ای کی کوپ 28 کی قیادت سے پاکستان جیسے ممالک، جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہیں، کے لیے بامعنی نتائج برآمد ہوں گے۔ اس سال جنوری میں صدر متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے کامیاب دورے کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا دونوں ممالک کی قیادت کا مشترکہ عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 17 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔