اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آج 18اپریل کو ہائی کورٹ میں پیشی کیلئے آئی جی اسلام آباداور ضلعی انتظامیہ کو سیکورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہیں،8مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت اڑھائی بجے ہو گی،وکلا ءو صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہو گا۔ رجسٹرار آفس سے جاری سرکلر کے مطابق عمران خان کی 8 مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت دن اڑھائی بجے ہو گی،کورٹ روم نمبر 1 میں وکلا اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہو گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین ، عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہوگا، عمران خان کیساتھ 15 وکلاء کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلا کمرہ عدالت جا سکیں گے ،ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی، کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے خصوصی پاس بنانے کیلئے لسٹیں فراہم کرنے ، انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمنٹ کارڈ ہونیوالوں کو احاطہ عدالت سے نہ روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہو گی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ کیس کی سماعت کریگا۔