گلوکار و اداکار اذان سمیع نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری اور معروف شخصیات کی اولاد ہونے کے سبب حاصل ہونے والے فوائد سے متعلق بات کی ہے۔
اذان سمیع نے حال ہی میں نجی ٹی وی مارننگ شو میں شرکت کی، اس دوران انہوں نے خود سے متعلق کئی سوالات کے جواب دیے۔
نامور سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع خان اور پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان کا شو کے دوران اقرباپروری اور مشہور شخصیات کی اولاد ہونے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فنکار جوڑی کی اولاد یا کسی فنکار کا جاننے والا ہونا آپ کو کیریئر بنانے میں بہت سی آسانیاں فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشہور والدین کی اولاد ہونے کے بہت فائدے ہوتے ہیں، میں اگر آج بیٹھ کر یہ بولوں کہ بہت جدوجہد کرنی پڑتی ہے تو یہ غلط بات ہے۔
ڈرامہ سیریل ’عشق لا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار اذان سمیع خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ آپ کی تربیت پر منحصر ہے کہ آپ ان فائدوں کو غلط طریقے سے استعمال کرتے ہیں یا نہیں، یہ بہت آسان سے فوائد ہیں کہ اگر آپ انڈسٹری میں آنا چاہتے ہیں تو آپ لوگوں کو جانتے ہیں، ان سے ملاقات کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرے لیے سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر میں کسی پروگرام کا میزبان بننا چاہتا ہوں تو میرے لیے پاکستان کے سب سے بڑے میزبان سے ملاقات کرنا اور سیکھنا مشکل کام نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح جب مجھے کمپوزیشن سیکھنی تھی، تو میں اکثر پاکستان کے عظیم اور سینئر کمپوزر وقاص علی کے اسٹوڈیو میں بیٹھتا تھا، اس آرٹ اور علم تک رسائی اور ایسے لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کا موقع جو اپنے شعبے میں ماہر ہیں، یہ سب سے بڑا فائدہ ہے۔
اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر کوئی لڑکی یا لڑکا جس کے والدین کسی اور شعبے سے تعلق رکھتے ہوں گے تو اُنہیں اُس شعبے میں فائدے حاصل ہوتے ہوں گے۔