• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ، امارات میں چاند نظر آگیا، ایران اور بھارت میں عید کل ہوگی

نیویارک ، ٹوکیو ، کراچی ( عظیم ایم میاں، عرفان صدیقی ،رضا چوہدری، نیوز ڈیسک) سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر اور ترکیہ میں چاندنظر آنے کا اعلان کردیا گیا ، ان ممالک میں جمعے کو عید الفطر منائی جائے گی ، امریکا، کینیڈا،برطانیہ، یورپی یونین اور آسٹریلیا سمیت کئی دیگر مغربی ممالک نے بھی جمعے کو عید الفطر کا اعلان کردیا ہے ،ایران، عمان، بھارت، جاپان، سنگاپور ،انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی ، فلپائن ، تھائی لینڈ اور مراکش میں چاند نظر نہیں آیا جہاں کی حکومتوں نے ہفتے کو عید الفطر کا اعلان کردیا ہے ۔ آسٹریلیا نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر جمعرات کو عید کا چاند نظرآنے میں دشواری کے پیش نظر 22 اپریل بروز ہفتہ عیدالفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔ عیدالفطر کے پہلے دنوں کی تاریخ کا تعین آسٹریلین فتویٰ کونسل کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کیا گیا، جسے بین الاقوامی فلکیات مرکز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے صفحے پر شائع کیا ہے۔فقہ کونسل آف نارتھ امریکا نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں عید الفطر آج ہوگی ۔ کینیڈا میں ایسوسی ایشن آف مسلم نے بھی جمعے کے روز عید الفطر کا اعلان کردیا ۔ امریکا سے نمائندہ جنگ کے مطابق پہلے سے طے شدہ مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے والی مسلم تنظیمیں امور مساجد جمعہ 21؍ اپریل کو عیدالفطر کی نماز ادا کریں گے جبکہ رویت ہلال پرعمل کرنے والی مساجد اور مسلم تنظیمیں اپنے اپنے مقامی وقت کے مطابق نماز مغرب ادا کرنے کے بعد چاند دیکھنے اور چاند نظر آنے کی گواہیوں کے عمل کومکمل کرکے اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکا میں نیویارک سے لیکر کیلیفورنیا تک کے وسیع ملک میں چار مختلف ٹائم زونز ہیں جن کے درمیان تین گھنٹے تک فرق ہے لہٰذا چاند دیکھ کر عید کا فیصلہ کرنے والی مساجد اور تنظیموں کے اعلان کے بارے میں کئی گھنٹوں کی تاخیر اس لئے کی جاتی ہے کہ نیویارک کے بعد تقریباً تین گھنٹے بعد سورج کے غروب ہونے کا عمل اور مغرب کا وقت ہوتا ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں سے پہلے سے طے شدہ مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے و الی تنظیموں کا اثر و رسوخ اور مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ اقوام متحدہ میں بھی عید الفطر اور عیدالاضحی کی تعطیلات طے شدہ مسلم کیلنڈر کے مطابق کی جاتی ہیں۔ سعودی عرب میں چاند نظر آنے کا بھی امریکا و کینیڈا میں کافی مثبت اثر لیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں چاند نظر آنے کے اعلان اور امریکا و کینیڈا کے بعض علاقوںمیں ماہرین فلکیاتی امور کے مطابق چاند نظر آنے کے ففٹی ففٹی امکانات ہیں امریکا و کینیڈا میں متفقہ طور پر آغاز رمضان کے بعد عیدالفطر منائے جانے کے امکانات کو بھی روشن کردیا ہے ویک اینڈ ہونے کے باعث اس مرتبہ عیدالفطر کے ساتھ ساتھ ویک اینڈ میں عید پارٹیوں کا ہجوم پہلے ہی بہت بڑھ گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید