کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں رواں سال اگست میں ہونے والی والی ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں قومی ٹیم کی شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار دے دیا ہے، پی ایچ ایف کے سکریٹری سید حیدر حسین نے جنگ کو بتایا کہ بھارت کے ساتھ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کھیلوں کے تعلقات بحال نہیں ہیں، اس لئے اگر حکومت نے اجازت دی تو ٹیم بھارت جائے گی، پی ایچ ایف اس بارے میں وفاقی حکومت سے عید الفطر کے بعد رابطہ کرے گی جس میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی بھارت میں سکیورٹی کے حوالے تبادلہ خیال کیا جائے گا، پی ایچ ایف نےبھارتی ہاکی حکام سے بھی بات چیت کا فیصلہ کیا ہے جس میں بھارت میں پاکستانی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے بارے میں تحفظات سے آ گاہ کیا جائے گا، ٹور نامنٹ رواں سال اگست میں چنئی میں ہوگا۔